29 ایرانی حاجی سعودی عرب میں دفن کیے گئے جبکہ 36 بدستور لاپتہ
Oct ۱۵, ۲۰۱۵ ۰۹:۴۸ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے حج و زیارت کے ادارے کے سربراہ سعید اوحدی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی وزارت حج اور طبی شعبے سے رجوع اور تحقیقات کرنے کے بعد واضح ہوا ہے کہ سعودی عرب میں لاپتہ پینسٹھ ایرانی حجاج میں سے انتیس کی تدفین کی جا چکی ہے۔
سعید اوحدی نے بدھ کی شام کو ارنا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے انفارمیٹک سسٹموں سے حاصل ہونے والی اطلاعات کے مطابق تدفین سے قبل ان حاجیوں کے فنگر پرنٹس اور ناخنوں کا ایک حصہ ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے کے طور پر لیا گیا اور یہ بھی واضح ہے کہ انھیں کہاں دفن کیا گیا۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ پینسٹھ میں سے باقی ماندہ چھتیس ایرانی حاجیوں کی صورت حال واضح ہونے تک تلاش کا کام جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ رواں سال چونسٹھ ہزار ایرانی حاجی فریضہ حج ادا کرنے کے لیے سعودی عرب گئے کہ جن میں سے چار سو چونسٹھ حاجی سعودی عرب کی حج کے انتظامات میں نااہلی اور بدانتظامی کی وجہ سے سانحہ منی میں جاں بحق ہو گئے۔ اس سانحہ میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے چار ہزار سے زائد حجاج کرام جاں بحق ہو گئے تھے۔