Oct ۱۵, ۲۰۱۵ ۱۱:۰۹ Asia/Tehran
  • ایران نے فوجی مشیر شام بھیجے ہیں: امیر عبداللہیان

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ ایران نے شامی حکومت کی درخواست پر دہشت گردی کے خلاف جنگ کا تجربہ رکھنے والے فوجی مشیروں کا ایک گروپ شام بھیجا ہے۔

ایسنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے برسلز میں یورو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے شام میں کوئی فوجی نہیں بھیجا ہے اور شام میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ دہشت گرد گروہوں کو کمزور کرنے کے لیے ہے۔ انھوں نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی سے شام کے بارے میں اپنے مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شام کے صدر کو ان کے عہدے پر باقی رکھنے یا انھیں برطرف کرنے کا فیصلہ شامی عوام کو کرنا چاہیے۔ انھوں نے شام میں دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں پر روس کے حملوں کے بارے میں بھی کہا کہ روس صرف بشار اسد کے مخالف گروہوں کو نشانہ بنانا نہیں چاہتا ہے بلکہ وہ تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کرے گا اور تہران شام میں دہشت گردوں کو کمزور کرنے کے لیے ماسکو کے فیصلے کی حمایت کرتا ہے۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے اسی طرح اس بات پر زور دیا کہ شام میں ایران کے فوجی مشیر شامی فوج اور حکام اور ماسکو کی درخواست کی صورت میں روس کی مدد کرتے ہیں۔