Oct ۲۷, ۲۰۱۵ ۱۸:۳۷ Asia/Tehran
  • دہشت گردی اور انتہا پسندی دنیا کے سبھی ملکوں کے لئے مشترکہ خطرہ
    دہشت گردی اور انتہا پسندی دنیا کے سبھی ملکوں کے لئے مشترکہ خطرہ

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو دنیا کے سبھی ملکوں کے لئے مشترکہ خطرہ قرار دیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کو تہران میں ازبکستان کے نئے سفیر بہادر عبداللہ اف سے ملاقات میں کہا کہ تہران اور تاشقند انتہا پسندی اور دہشت گردی کے مقابلے میں جو سبھی ملکوں کے لئے مشترکہ خطرہ ہے، بھرپور تعاون کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایران اور ازبکستان کے دوستانہ روابط وسیع ثقافتی اشتراک پر استوار ہیں ۔


انھوں نے کہا کہ تہران اور تاشقند کے درمیان اقتصادی روابط کا استحکام بھی ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی تاریخ اور ادبیات میں شیراز کی طرح سمر قند اور بخارا بھی ممتاز حیثیت رکھتے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ ایران اور ازبکستان کی مشترکہ تاریخ و ثقافت ، علمی ، سائنسی اور اقتصادی میدانوں میں بھی دونوں ملکوں کے روابط میں فروغ کی بنیاد بن سکتی ہے۔


ازبکستان کے نئے سفیر عبداللہ اف نے اس ملاقات میں کہا کہ ایران اس خطے میں ممتاز سیاسی پوزیشن کا مالک ہے اور اسی بات کے پیش نظر تہران کے ساتھ روابط کے فروغ کو تاشقند نے اپنی ترجیحات میں رکھا ہے ۔ انھوں نے دونوں ملکوں کے اقتصادی روابط میں فروغ کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس میں اقتصادی روابط میں فروغ کی بنیادوں کا تعین کیا جاچکا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ چند ہفتوں میں دونوں ملکوں کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کا ایک اور اجلاس ہونے والا ہے۔

ٹیگس