ایران بحران شام سے متعلق ویانا میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت پر غور کر رہا ہے: ترجمان وزارت خارجہ مرضیہ افخم
اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ وہ شام کے بحران سے متعلق ویانا میں ہونےوالی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے دعوتنامے پر غور کررہاہے۔
وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے اس خبرکی تصدیق کرتے ہوئے کہ شام کے بحران سے متعلق ویانا کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لئے ایران کو دعوتنامہ موصول ہوا ہے کہاکہ اس کانفرنس میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کےبارےمیں ابھی غور کیا جارہا ہے -
وزارت خارجہ کی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ایران اور روس کے وزرائے خارجہ نے شام کے بارے میں منگل کی شام اور بدھ کی صبح ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے - اس سے پہلے امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا تھا کہ شام کے بحران سے متعلق ہونےوالی کانفرنس میں سبھی بااثر ملکوں اور امریکا کے اتحادی ملکوں کی شرکت واشنگٹن کے لئے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند فریقی اجلاسوں کے دوران یہ فیصلہ کیا گیاہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو جس کا شام میں بہت زیادہ اثر ورسوخ ہے اس عالمی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے - اس سے پہلے شام سے متعلق جنیوا ایک اور جنیوا دو کانفرنسوں میں ایران کی شرکت پر امریکا نے مخالفت کی تھی اور دونوں ہی کانفرنسیں بری طرح ناکام رہی تھیں