ایران سے مذاکرات ضروری ہیں
شام کا بحران حل کرنے کےلئے ایران سے مذاکرات کے علاوہ کوئی چارہ نہیں: امریکہ کا اعتراف
امریکہ نے آخر کار اعتراف کرلیا ہے کہ ایران کے تعاون کے بغیر شام کا بحران حل نہیں ہوسکتا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے جمعرات کو پریس کانفرنس میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ امریکہ کو اب اطمینان ہوچلا ہے کہ شام کے بحران کے پائیدار حل کے لئے اسے ایران سے مذاکرات کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مذاکرات ایران کے لئے سنہری موقع ہیں کہ وہ علاقائی طاقت کی حیثیت سے مزید تعمیری کردار ادا کرسکے۔
امریکی وزات خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ویانا میں ایران اور امریکی وزرائے خارجہ کی ملاقات میں صرف ایٹمی مسائل کےبارے میں گفتگو ہوئی ہے۔ جان کربی نے کہا کہ ویانا میں شام کے بارے میں اجلاس میں دیگر ممالک بھی ایران کو شرکت کی دعوت دیئے جانے کےخواہاں تھے۔
انہوں نے کہا کہ جان کیری کا کہنا ہے کہ ویانا مذاکرات میں ایران کی موجودگی، سیاسی راہ حل حاصل کرنے کے لئے نہایت اہم ہے۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جیسا کہ امریکی صدر اور وزیر خارجہ نے زور دیا ہے کہ امریکہ اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ بحران شام کا عملی اور پائیدار سیاسی راہ حل تلاش کرنے کے لئے ایران سے مذاکرات کرنے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے۔
جمعے کو ویانا میں شام کے بحران کاجائزہ لینے کےلئے اجلاس ہورہا ہے جس میں ایران سمیت بارہ ممالک شرکت کررہے ہیں۔