ایران ایشین براڈکاسٹنگ یونین کی گورننگ باڈی کا رکن منتخب
اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ادارے آئی آر آئی بی کو اے بی یو کی گورننگ کونسل کا ممبرمنتخب کرلیا گیا۔
ترکی کے شہراستنبول میں ایشیا اوربحرالکاہل کے ملکوں کے ریڈیواورٹیلی ویژن کے اداروں کی یونین اے بی یو کے باونویں عام اجلاس میں ایران کے ریڈیو اورٹیلی ویژن کے ادارے نے واضح اکثریت سے اس یونین کی گورننگ کونسل میں جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کرلی -
ہندوستان کی جانب سے ایران کا نام پیش کیا گیا جس کی یونین کے بیشتر ملکوں نے حمایت کی - ایشیا اور بحرالکاہل کے ملکوں کے ریڈیو اورٹیلی ویژن کی یونین کی گورننگ کونسل تین سال کے لئے منتخب ہوتی ہے -
اے بی یو کی گورننگ کونسل ممبرملکوں کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے اداروں کےمختلف مسائل کا جائزہ لینے کے لئے سال میں دوبار اجلاس کرتی ہے جس میں یونین کی پالیسی بھی وضع کی جاتی ہے -
اے بی یو کی گورننگ کونسل کے پندرہ ممبرہوتے ہیں - اے بی یو کے مجموعی طور پرسڑسٹھ ملکوں کے دوسو چوہتر ممبرہیں اور دنیا کی کل آبادی کا ساٹھ فیصدحصہ اس یونین کے ریڈیواورٹیلی ویژن کے اداروں سے استفادہ کرتا ہے -