علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے، جواد ظریف
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے بین الاقوامی تعاون ضروری ہے۔
انہوں نے یہ بات تہران میں لکسمبرگ کے وزیر خارجہ کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے تہران میں لکسمبرگ کے وزیر خارجہ کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ترکی کے ہاتھوں روسی طیارہ مارگرائے جانے کے واقعے سے دہشت گردوں کو غلط پیغام جائےگا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی تعاون کو اولین ترجیح ہونا چاہئے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ علاقے میں جنگ اور کشیدگی کے بجائے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں زیادہ سے زیادہ تعاون کا مشاہدہ کیا جائےگا۔
ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ علاقہ، اس وقت انتہائی خطرناک دور سے گذر رہا ہے۔
لکسمبرگ کے وزیر خارجہ آسل بورن نے بھی اس پریس کانفرنس میں مشرق وسطی میں امن و استحکام کے قیام کے تعلق سے اسلامی جمہوریہ ایران کے تعمیری کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شام کے بحران اور اس ملک کی مشکلات کے حل کے لئے ایک طویل المیعاد سیاسی حل تلاش کیا جانا چاہئے۔ لکسمبرگ کے وزیرخارجہ نےعراق، شام اور لبنان میں امن و استحکام کی تقویت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شام کے بحران کے حل سے متعلق حالیہ ویانا مذاکرات صحیح سمت میں آگے بڑھے ہیں اور ان کا ملک، شام کے تعلق سے مذاکرات میں ایران کے تعمیری کردار کا خیر مقدم کرتا ہے۔