ایران نے ایٹمی مذاکرات میں عاقلانہ روش اپنائی ہے: لاریجانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر نے کہا ہے کہ ایران نے ایٹمی مذاکرات میں صحیح راستے کا انتخاب کیا، کیوں کہ اس سلسلے میں اس نے تکنیکی کامیابیاں حاصل کیں اور ان کامیابیوں کو استحکام عطا کیا نیز ملک پر سے دباؤ بھی ختم کردیا-
ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ایٹمی مسئلے میں انتہائی ہوشیاری سے کام لیا گیا اور ایران ایٹمی ٹکنالوجی کا حامل ملک بن گیا اگر چہ اس سلسلے میں بھاری قیمت بھی چکانی پڑی لیکن آج اسلامی جمہوریہ ایران ٹکنالوجی کے شعبے میں صاحب نظر ہے-
پارلیمنٹ کے اسپیکر نے ایران کے ایٹمی کیس کے جائزے کے عمل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گروپ پانچ جمع ایک نے یہ بات کہی کہ ہم ایران کے یورینیم افزودہ کرنے کے حق کو تسلیم کرتے ہیں لیکن ہمارا یہ مطالبہ ہے کہ ایران اس سلسلے میں تحریری طور پر یقین دہانی کرائے اورجب اس نے تحریری شکل میں یقین دہانی کرادی تو پھر یہ مذاکرات انجام پائے-
انہوں نے کہا کہ یہ جو کہا جارہا ہے کہ ایران نے عجلت میں فیصلہ کیا یہ عاقلانہ بات نہیں ہے اس لئے کہ گذشتہ ساڑھے تین برسوں میں مذاکرات کاروں نے مسلسل رپورٹیں پیش کیں اور ان رپورٹوں کا جائزہ لیا جاتا تھا- ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ جامع مشترکہ ایکشن پلان پرعملدرآمد قدم بہ قدم انجام پائے گا اور دونوں فریق اس سلسلے میں اقدامات انجام دیں گے-
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آمانو کی رپورٹ اور آئندہ دنوں میں قرارداد کے مسودے کی منظوری کے ساتھ ہی، پی ایم ڈی کے مسئلے کا خاتمہ ہوجائے گا-
انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ پابندیاں عملی طور پر منسوخ ہونی چاہئیں کہا کہ اگر گروپ پانچ جمع ایک اپنے وعدے پورے کرے تو ہم بھی اپنے وعدے پر قائم ہیں لیکن اگر انہوں نے کسی بھی مسئلے میں صحیح عمل نہیں کیا تو ہم بھی اسی جیسا قدم اٹھائیں گے-
ڈاکٹر لاریجانی نے علاقائی مسائل کے سلسلے میں بھی کہا کہ علاقے کی صورتحال، مسائل و مشکلات سے دوچار ہے اور یہ مسائل، کچھ تو دہشت گردوں نے اور کچھ بعض ملکوں کے ہوس پرست حکمرانوں نے کھڑے کئے ہیں، جن کے باعث اختلاف کی آگ میں شدت پیدا ہوگئی ہے اور یمن، بحرین ، عراق اور شام جیسے ممالک شدید مسائل اور بحران سے دوچار ہیں -
انہوں نے کہا کہ یہی موصل کا مسئلہ کوئی معمولی مسئلہ نہیں ہے اور بات بھی معلوم ہے کہ اس سلسلے میں وسیع پیمانے پر منصوبہ بندی کی گئی ہے تاکہ علاقے میں نئی آگ بھڑکائی جائے-
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ علاقے کے موجودہ حالات میں اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ اندرون و بیرون ملک، امن و سلامتی کے قیام کی کوشش ہے- انہوں نے کہا کہ ایران نے علاقائی مسائل میں دیگر ملکوں کی نسبت ہمیشہ صحیح فیصلہ کیا ہے اور مغربی ممالک نے بھی ایران کے اس منطقی طرز عمل کو تسلیم کیا ہے اور ایران نے ان سے بارہا کہا ہے کہ وہ دہشت گردی کو ہتھکنڈے کے طور پر استعمال نہ کریں-