ولایت فقیہ کی بناء پر پورا ملک متحد
-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ملک میں اتحاد و یکجہتی کی اصل وجہ، ولایت فقیہ کا وجود ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ملک میں اتحاد و یکجہتی کی اصل وجہ، ولایت فقیہ کا وجود ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے مجلس خبرگان کے انتخابات میں شرکت کے لئے وزارت داخلہ میں قائم الیکشن کمیشن کے آفس میں اپنا نام درج کرانے کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ مجلس خبرگان کے انتخابات، اسلامی جمہوری نظام کا اہم ترین ستون ہیں اور ملک میں اتحاد و یکجہتی، ولایت فقیہ کے زیر سایہ ہی قائم ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران، علاقے کا پہلا ایسا ملک ہے جہاں اسلامی انقلاب کامیابی سے ہمکنار ہوا اور جہاں تینتیسویں انتخابات کی بھرپور تیاری ہو رہی ہے۔ صدر مملکت نے انتخابات کے صحیح و سالم انعقاد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ توقع کی جاتی ہے کہ انتخابات میں عوام بھرپور طریقے سے شرکت کریں گے اور حکومت بھی آئین کی نگراں کونسل کے تعاون سے اس مہم کو کامیاب بنانے کی پوری کوشش کرے گی۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے انتخابات میں امیدوار کی حیثیت سے خواتین کی شرکت کے بارے میں بھی کہا کہ خواتین کی شمولیت کے حوالے سے ایران ترقی یافتہ ملکوں میں شامل ہے جہاں دفتروں کے مختلف شعبوں میں خواتین بھرپور طریقے سے سرگرم عمل ہیں اور اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ مجلس شورائے اسلامی کے اراکین، ملک کے انتظامی امور کی نگرانی کرتے ہیں اور ان ہی پارلیمانی اراکین کے ووٹوں اور حمایت سے وزراء کو کام اور سرگرمیاں جاری رکھنے کا جواز فراہم ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر حسن روحانی نے مجلس خبرگان کے انتخابات میں شرکت کے لئے پیر کے روز اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ یہاں یہ بھی بتاتے چلیں کہ مجلس خبرگان اور مجلس شورائے اسلامی کے انتخابات، ایک ہی دن چھبّیس فروری کو منعقد ہوں گے اور ان انتخابات میں امیدوار کی حیثیت سے شرکت کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرانے کا عمل شروع ہو چکا ہے جو رواں ہفتے کے اختتام تک جاری رہے گا۔