Jul ۳۰, ۲۰۲۵ ۱۹:۵۷ Asia/Tehran
  • ایرانی اسپیکر پارلیمنٹ: ایران مذاکرات میں سنجیدہ تھا لیکن صیہونی جارحیت نے مذاکرات کی میز الٹ دی

ایرانی پارلیمنٹ اسپیکر نے جنیوا کانفرنس میں کہا کہ ایران مذاکرات میں سنجیدہ ہے لیکن صیہونی جارحیت نے مذاکرات کی میز کو الٹ دیا۔

سحرنیوز/ایران:جنیوا میں ورلڈ پارلیمنٹ اسپیکرز کی چھٹی کانفرنس میں ایران کے پارلیمنٹ اسپیکر محمد باقر قالیباف شریک ہیں۔ اس کانفرنس میں قالیباف نے اہداف کی کثیرالجہتی میں کمزوری اور بین الاقوامی اداروں کی ساکھ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سفارت کاری کے میدان میں پوری تندہی کے باوجود ایران امریکہ کی حمایت سے صیہونی حکومت کی کھلی فوجی جارحیت کا نشانہ بنا۔

پارلیمنٹ اسپیکر نے اس بات پر زور دیا کہ یہ حملہ سیاسی مذاکرات کے درمیان ہوا ہے اور اس جارحیت میں 1100 سے زائد ایرانی شہری شہید ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے بھرپور انداز سے اپنی سرزمین اور عوام کا دفاع کیا۔

قالیباف نے کہا کہ ان حملوں میں ہماری پرامن ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جن کی ایٹمی توانائی ایجنسی کی طرف سے باقاعدگی سے نگرانی کی جاتی تھی۔ اس پر طرہ یہ کہ ایجنسی نے اس غیر قانونی اقدام کی مذمت کرنا بھی گوارہ نہیں کیا، اس طرح اس حملے کو جائز قرار دیا اور ایران کی عدم پھیلاؤ کی پالیسی کا اختتام ہوا۔

قالیباف نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ غزہ آج انسانیت کے خلاف جرائم کا عجائب گھر اور جدید ہتھیاروں کی ٹیکنالوجی کو ٹیسٹ کو کرنے کی تجربہ گاہ ہے، کہا کہ اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے ہمیں غزہ میں ہونے والی نسل کشی کے سامنے تماشائی نہیں بننا چاہیے بلکہ ہمیں اکیسویں صدی کے نازیوں کو روکنا ہوگا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ صہیونی بھوک اور قحط کو بڑے پیمانے پر تباہی کے ہتھیار کے طور پر استعمال کررہے ہیں کہا کہ غزہ کے بھوکے بچوں کی تصاویر سب کے لیے باعث شرم ہے۔

 

ٹیگس