Jul ۳۰, ۲۰۲۵ ۱۹:۵۳ Asia/Tehran
  • ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملے کے بارے میں ٹرمپ کا جارحانہ بیان، قابل مذمت: روس

روس کی وزارت خارجہ نے ایران کی ایٹمی تنصیبات کو دوبارہ نشانہ بنانے پر مبنی ٹرمپ کے جارحانہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کے بیانوں سے حالات کی کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔

سحرنیوز/دنیا: روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا کہ امریکہ کے اس قسم کے دعوے ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کو یقینی بنانے کے بہانے کے ساتھ کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے زور دیکر کہا کہ ایٹمی تنصیبات اور مراکز پر بمباری کو ایک عام بات اور بین الاقوامی سطح پر معمول کی حرکت بننا نہیں چاہیے۔

ماریا زاخارووا نے کہا کہ روس ایران کے پرامن ایٹمی مراکز پر ہر طرح کے فوجی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے ماسکو کے واضح اور مستقل موقف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روس اس سے قبل بھی مغربی ایشیا کے امن و استحکام کو فوجی اشتعال انگیزی کے ذریعے خطرے میں ڈالنے کی جانب سے خبردار کرچکا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر نے چند روز قبل ایک جارحانہ بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایران نے اپنے ایٹمی پروگرام کو جاری رکھنے کی کوشش کی تو اسے دوبارہ بمباری کا نشانہ بنایا جائے گا جس پر ایران کے وزیر خارجہ نے بھی خبردار کیا کہ ایسی کسی بھی حرکت کی صورت میں جواب ایسا ہوگا کہ امریکہ اسے چھپا تک نہ سکے گا۔

 

ٹیگس