صیہونی حکومت کا انجام فلسطینی سرزمین میں دفن ہوجانےکے علاوہ اور کچھ نہیں: علاء الدین بروجردی ایران کی مجلس شورائے اسلامی میں قومی سلامتی اور خارجہ
ایران کی مجلس شورائے اسلامی میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کا انجام فلسطینی سرزمین میں دفن ہوجانےکے علاوہ اور کچھ نہیں ہے -
پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے، جو ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ حزب اللہ کے سابق کمانڈر سمیر القنطار کے ایصال ثواب کی مجلس شرکت کے لئے بیروت گئے ہیں، نامہ نگاروں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام کو صیہونی حکومت کے ہاتھوں سمیر القنطار کی شہادت پر بہت صدمہ پہنچا ہے - انہوں نے کہا سمیر القنطار استقامتی محاذ کی تاریخ کی ایک یادگار شخصیت تھے - علاء الدین بروجردی کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت حزب اللہ کے کمانڈروں کو شہید کرکے استقامتی تحریک کو کمزور نہیں کرسکے گی - انہوں نے کہا کہ جب تک صیہونی حکومت سرزمین فلسطین پر قابض رہے گی اس وقت تک علاقہ بحران اور بدامنی کا شکار رہےگا - ایرانی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کےکمیشن کے سربراہ نے کہا کہ صیہونی غاصبوں کے مقابلے میں بھرپور استقامت کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہے - انہوں نے شہید سمیر القنطار کےاہل خانہ کو ایک بار پھر تعزیت پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ شہید القنطار کا مشن جاری رہے گا -