ایران کے اہل سنت علما کا شیخ باقر النمر کی رہائی کا مطالبہ
ایران کے اہل سنت علما نے بین الاقوامی اداروں اور عالم اسلام کے علما کے نام الگ الگ خط ارسال کر کے سعودی عرب کے ممتاز عالم دین شیخ باقر نمر کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے متعدد بزرگ علمائے اہل سنت نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل ، یونیسکو کے سیکریٹری جنرل، انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کے نام الگ الگ خط ارسال کر کے سعودی عرب کے معروف عالم دین شیخ باقر نمر کی آزادی کے لئے کوششیں بروئے کار لانے کا مطالبہ کیا ہے-
ایران کے اہل سنت علما کے خط میں کہا گیا ہے کہ آیت اللہ شیخ باقر نمر کی غیر منصفانہ اور ظالمانہ اسیری کو تین سال سے زائد کا عرصہ گذرنے کے بعد ان کے لئے پھانسی کی سزا کافیصلہ ان کے سلسلے میں ناانصافی کی آخری حد ہے-
واضح رہے کہ سعودی عرب کی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے دو جولائی دو ہزار تیرہ میں آیت اللہ شیخ باقر نمر پر قاتلانہ حملہ کر کے انہیں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا تھا جس کے بعد سے وہ آل سعود کی جیل میں قید ہیں - سعودی حکومت نے ان پر بیہودہ اور بے بنیاد الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے قطیف میں حکومت کےخلاف مظاہروں کے لئے عوام کو اکسایا تھا -
بتایا جاتا ہے کہ شیخ باقر نمر کی حالت اس وقت جیل میں انتہائی تشویشناک ہے اور انہیں علاج و معالجے کی سہولتوں سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے - سعودی عرب کی ایک نمائشی عدالت نے اکتوبر دو ہزار چودہ میں انہیں موت کی سزا سنائی ہے -