ایرانی سفارت کار اور ان کے اہل خانہ، ریاض سے تہران پہنچ گئے
سعودی عرب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر چون افراد کے ہمراہ کہ جن میں ایرانی سفارت کار اور ان کے اہل خانہ شامل ہیں، ایران واپس پہنچ گئے ہیں۔
سعودی عرب میں ایران کے سفیر حسین صادقی نے بدھ کے روز ایران پہنچنے کے بعد ہمارے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ باقر النمر کو شہید کرنے کے سعودی عرب کے اقدام پر عوام کا ردعمل فطری تھا- انھوں نے کہا کہ آیت اللہ باقر النمر سب لوگوں کے لیے قابل اعتماد تھے اور جب آل سعود ایسی شخصیت کو ان تکفیری دہشت گردوں کے ساتھ سزائے موت دیتی ہے کہ جو ہر چیز پر حملہ کرتے ہیں، تو فطری بات ہے کہ لوگ ردعمل ظاہر کریں۔ حسین صادقی نے کہا کہ اس کے باوجود تہران میں سعودی عرب کے سفارت خانے اور مشہد میں اس کے قونصل خانے پر حملے کی کسی بھی طرح تائید نہیں کی جا سکتی اور جو افراد اس میں ملوث تھے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔