Jan ۰۷, ۲۰۱۶ ۱۵:۳۹ Asia/Tehran
  • آل سعود کی پالیسیاں، تباہی کا باعث : جنرل حسین سلامی

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی مخاصمانہ پالیسیاں آل سعود حکومت کے زوال اور نابودی کا باعث بنیں گی -

جنرل حسین سلامی نے جمعرات کو تہران میں سعودی عرب کے معروف عالم دین شہید آیت اللہ باقرنمرکی یاد میں منعقدہ مجلس ترحیم کے موقع پر نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران کہاکہ آیت اللہ شیخ باقرنمر کو شہید کرنے پرمبنی سعودی حکومت کی دشمنانہ پالیسیاں معدوم عراقی ڈکٹیٹر صدام اور اس کے پیشروؤں کی حکومتوں کی ہی پالیسیوں کی طرح ہیں جب اس وقت کی عراق کی ڈکٹیٹرحکومتوں نے انیس سو ساٹھ کے عشرے سے لے کر بعد کے کئی عشروں تک عراق کے بہت سے جید علما کو شہید کردیا تھا -

انہوں نے کہا کہ آل سعود حکومت کو امریکا کی پوری طرح سیاسی حمایت حاصل ہے اور وہ امریکا کی ہی پناہ میں ہے - ان کا کہنا تھا کہ آل سعود حکومت کی پالیسیاں سیاسی برفانی تودے کی مانند ہیں جو اس حکومت کو اپنے ہی اندر دفن کردے گا -

سپاہ پاسداران کے ڈپٹی کمانڈر نے کہا کہ آل سعود حکومت نے سانحہ منی میں سیاسی نا اہلی اور بد انتظامی کا مظاہرہ اور عراق و شام میں صیہونی تکفیری گروہوں کی حمایت کرکے عالم اسلام میں خونریز اختلاف اور تفرقے کو ہوا دی ہے -انہوں نے کہا کہ یورپ میں شامی پناہ گزینوں کی دربدری اورحالت زار اور عراق کی آج کی افسوسناک صورتحال یہ سب سعودی حکومت کی تفرقہ انگیز پالیسیوں کا ہی نتیجہ ہے -

انہوں نے یمن پر سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ نمر کا سر قلم کیا جانا اور سعودی حکومت کے دیگر اقدامات آل سعود کی تشدد پسندانہ سرشت کی عکاسی کرتے ہیں اور اس کے انہی اقدامات نے ہی اس حکومت کو تباہی و نابودی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے -

ٹیگس