Jan ۰۸, ۲۰۱۶ ۱۶:۰۱ Asia/Tehran
  • ایران نے صنعا میں اپنے سفارت خانے پر سعودی حملے کی اطلاع اقوام متحدہ کو دے دی ہے

یمن کے دارالحکومت صنعا میں ایران کے سفارت خانے پر سعودی عرب کے میزائل حملے کی تفصیلات سے اقوام متحدہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے اقوام متحدہ کے نام ایک سرکاری خط ارسال کر دیا گیا ہے جس میں صنعامیں ایرانی سفارت خانے پر سعودی عرب کے میزائل حملے کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعا میں ایران کے سفارت خانے اور سفارتی عملے کے تحفظ کی تمام تر ذمہ داری سعودی عرب پر عائد ہوتی ہے ۔ حسین امیر عبداللھیان نے کہا کہ ایران، صنعا میں اپنے سفارت خانے پر سعودی حملے کے معاملے میں عالمی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے پوری چارہ جوئی کرے گا۔ قابل ذکر ہے کہ بدھ کی شب سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں ایران کے سفارت خانے کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا تھا۔ سعودی حملے کے نتیجے میں ایرانی سفارت خانے کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے اور متعددسیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔