Jan ۱۳, ۲۰۱۶ ۱۱:۲۲ Asia/Tehran
  • دس امریکی فوجیوں کی گرفتاری سے متعلق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا بیان

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے دس امریکی فوجیوں کی گرفتاری کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد ایک بیان میں کہا ہےکہ یہ فوجی مکمل طور پر سالم ہیں اور ان کو خلیج فارس میں جزیرہ فارسی میں ایک محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے تعلقات عامہ نے خلیج فارس میں ایران کی آبی حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والی امریکہ کی دو فوجی کشتیوں کے روکے اور دس امریکی فوجیوں کو گرفتار کئے جانے کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد ایک بیان جاری کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کے دن امریکہ کی دو فوجی کشتیاں جزیرہ فارسی کے قریب ایران کی آبی حدود میں داخل ہوئیں۔ ان کشتیوں پر دس فوجی سوار تھے۔ ان فوجی کشتیوں کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ نے روکنے کے بعد جزیرہ فارسی میں منتقل کر دیا ہے۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے تعلقات عامہ کے مطابق جب ان کشتیوں کو روکا گیا تو امریکہ کا طیارہ بردار بحری بیڑا ٹرومین بھی قریب ہی جزیرہ فارسی کے جنوب مشرق میں بین الاقوامی پانیوں میں موجود تھا۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے بیان میں مزید آیا ہے کہ امریکہ کی فوجی کشتیوں کو روکے جانے کے وقت فرانس کا بحری بیڑا شارلس ڈیگال بھی جزیرہ فارسی کے شمال مشرق میں بین الاقوامی پانیوں میں موجود اور گشت زنی میں مصروف تھا۔ سپاہ پاسداران کی بحریہ کے بیان میں آیا ہے کہ امریکی فوجی کشتیوں میں سوار نو مرد اور ایک خاتون فوجی بالکل صحیح و سالم ہیں، ان کو مناسب مقام پر منتقل کیا گیا ہے اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے جوانوں نے ان کے ساتھ اسلامی اصولوں کے مطابق سلوک روا رکھا ہے۔