تہران جکارتہ تعلقات کے بارے میں تبادلۂ خیال
انڈونیشیا کی وزیر خارجہ نے تہران میں وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ ملاقات میں علاقے کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیا ل کیا۔
وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور ان کی انڈونیشیائی ہم منصب محترمہ رتنو مرسودی کے درمیان ملاقات میں تہران اور جکارتہ تعلقات کے بارے میں بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔
انڈونیشیا کی وزیر خارجہ نے اس سے پہلے اکتوبر کے وسط میں بھی ایران کا دورہ کیا تھا۔
درایں اثنا انڈونیشیا کے اخبار ری پبلکا کے مطابق وزیر خارجہ رتنو مرسودی اور یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچار ج فیڈریکا موگرینی نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی غرض سے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
انڈونیشیا کی وزیر خارجہ، تہران اور ریاض کے دورے میں ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز کو صدر جوکو ویدودو کا پیغام پہنچائیں گی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی غرض سے جکارتہ کی تجاویز کا ذکر کیا گیا ہے۔