لکسمبرگ کے اسپیکر کی صدر مملکت سے ملاقات
-
ڈاکٹر حسن روحانی کے ساتھ لکسمبرگ کے اسپیکر، مارس ڈی برٹولو میو کی ملاقات
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے لکسمبرگ سمیت یورپی ملکوں کے ساتھ ایران کے ساتھ تعلقات کو دوستانہ قرار دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔
صدر مملکت نے اتوار کے روز تہران میں لکسمبرگ کے اسپیکر مارس ڈی برٹولو میو سے ملاقات میں کہا کہ ایران اور لکسمبرگ کے درمیان اچھے تعلقات دونوں قوموں کے فائدے میں ہیں اور پارلیمانی تعلقات بھی حکومتوں کے درمیان بہتر تعلقات کا راستہ ہموار کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد ایران اور لکسمبرگ کے تعلقات میں فروغ آنے کا باعث بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ ایران کے ایٹمی مذاکرات دنیا کی سفارتی تاریخ کی ایک بڑی کامیابی تھی اور اس کا پیغام مذاکرات کے ذریعے پیچیدہ مسائل کو حل کرنا تھا۔ صدر مملکت نے علاقے اور دنیا میں موجود بحرانوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی دنیا کا ایک خطرناک ترین مسئلہ ہے کہ جس کے سامنے سب کو متحد ہو جانا چاہیے۔
لکسمبرگ کے اسپیکر مارس ڈی برٹولو میو نے بھی اس ملاقات میں یورپی ملکوں کے ساتھ ایران کے تعلقات میں فروغ کو ایک ضروری امر قرار دیا اور تمام شعبوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو فروغ دینے کی اپیل کی۔