Feb ۰۵, ۲۰۱۶ ۱۵:۵۹ Asia/Tehran
  • عالمی سلامتی کے لئے علاقائی مفادات کا خیال رکھنا ضروری ہے: وزیر خارجہ جواد ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے عالمی سلامتی کے لئے علاقائی مفادات کا خیال رکھے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جمعرات کی رات لندن میں چیٹم ہاؤس تھنک ٹینک میں اپنی تقریر میں کہا کہ عالمی امن و سلامتی کے لئے علاقائی امن و سلامتی کا قیام ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب تک کسی بھی علاقے میں بعض ممالک بحران اور بد امنی سے دوچار رہیں گے، عالمی برادری کو امن نصیب نہیں ہوسکتا ۔ انھوں نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے جامع ایٹمی معاہدے کو مشترکہ مفادات مد نظر رکھے جانے کی بہترین مثال قرار دیا اور کہا کہ ماضی میں مغرب ایران کی ایٹمی سرگرمیاں بند کئے جانے کا مطالبہ کرتا رہا ہے جس کی وجہ سے مذاکرات بے نتیجہ رہے ، لیکن جب یہ فیصلہ کیا گیا کہ مذاکرات کے فریق مشترکہ مفادات کی راہ میں آگے بڑھیں تو مذاکرات ثمر بخش ہوئے ۔ انھوں نے جامع ایٹمی معاہدے کو بہت ہی قیمتی سرمایہ قرار دیا اور کہا کہ اسی طریقہ کار سے کام لے کے علاقے کے دیگر سبھی بحرانوں کو حل کیا جاسکتا ہے۔ انھوں نے ایران اور برطانیہ کے روابط کا مستقبل پر امید قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک علاقائی مسائل میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرسکتے ہیں ۔