Feb ۰۵, ۲۰۱۶ ۲۱:۲۷ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیر خارجہ اور برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر کی ملاقات، مختلف مسائل پر گفتگو

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف اور برطانیہ کے قومی سلامتی کے امور کے مشیر مارک لائل گرانٹ نے لندن میں دوطرفہ دلچسپی کے معاملات اور اہم علاقائی مسائل پر بات چیت کی ہے -

وزیر خارجہ جوادظریف نے جو لندن میں شام سے متعلق کانفرنس میں شرکت کے لئے بدھ کو وہاں پہنچے تھے اپنے قیام کے دوران مختلف ملکوں کے وزرائے خارجہ اور اعلی حکام سے ملاقات کرنے کے ساتھ برطانوی حکام سے بھی ملاقاتیں کی ہیں - انہوں نے جمعے کو برطانیہ کے قومی سلامتی کے امور کے مشیر مارک لائل گرانٹ سے بھی ملاقات کی - اس ملاقات میں علاقے اور خاص طور پر شام ، یمن ، عراق اور لیبیا کی بحرانی صورتحال پر بات چیت کی گئی - وزیرخارجہ جواد ظریف نے جمعے کو ہی برطانیہ کے وزیرخزانہ جارج اوزبرن سے بھی ملاقات کی - اس ملاقات میں اقتصادی تعلقات میں توسیع کے ساتھ ساتھ ایران اور برطانیہ کے بینکوں کے تعلقات میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا -اس سے پہلے ایران اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے بھی اپنی مشترکہ پریس کانفرنس میں تہران اور لندن کے تعلقات میں توسیع پر زوردیا تھا -