ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہےکہ ایران کی بین الاقوامی سفارتکاری عوام کی حمایت پر استوار ہے۔
نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر ایران کی سفارتکاری کو عوام کی حمایت حاصل ہے۔
سید عباس عراقچی نے ایسنا نیوز سے گفتگو میں بائیس بہمن مطابق گیارہ فروری، اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر عظیم جلوسوں میں عوام کی شرکت کے بارے میں کہا کہ عوام کی اس موجودگی سے عالمی سطح پر ایران کی سفارتکاری کو تقویت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس چیز نے ایران کی سفارتکاری کو طاقت عطا کی ہے کہ وہ عالمی سطح پر کردار ادا کرے ایرانی عوام کی حمایت اور مختلف میدانوں میں ان کی بھرپور موجودگی ہے۔
سید عباس عراقچی نے دفاعی، اقتصادی، سائنسی اور علمی، سیاسی اور ثقافتی میدانوں میں ایران کی توانائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سفارتکاری اپنے عوام کی بے پناہ حمایت پر بھروسہ کرتی ہے اور اسی کی وجہ سے اسے عالمی اور علاقائی سطح پر کردار ادا کرنے کا موقع ملا ہے۔
سید عباس عراقچی نے چھبیس فروری کے انتخابات کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت سے ایران کے استحکام، قانونی حیثیت اور طاقت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ صدارتی انتخابات میں ستر فیصد قوم کے افراد کی شرکت، دنیا کی ترقی یافتہ ترین جمہوری ممالک کے لئے ایک آرزو ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایرانی قوم آئندہ دنوں میں پارلیمانی اور ماہرین کی کونسل کے انتخابات میں بھرپور شرکت کرکے یہ ثابت کردیں گے کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے حامی ہیں۔