سلامتی کونسل من گھڑت بہانوں سے پابندیاں عائد نہیں کرسکتی
اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل من گھڑت خطرات کے بہانے ملکوں پر پابندیاں عائد نہیں کرسکتی۔
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے پابندیوں سے متعلق سلامتی کونسل کی کمیٹیوں کی کارکردگی کا جائزہ لئے جانے کے بارے میں سلامتی کونسل کے ایک خصوصی اجلاس میں کہا کہ ملکوں کے خلاف سلامتی کونسل کی پابندیاں اسی صورت میں لگنی چاہئیں جب ان ملکوں کی جانب سے سنگین خطرات کے لاحق ہونے کا ٹھوس ثبوت موجود ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل بیہودہ اور من گھڑت خطروں کے بہانے ملکوں پر پابندیاں عائد نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پابندیوں کے ذریعے عوام کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہئے اور نہ ہی سیاسی مقاصد کے لئے ان کا استعمال ہونا چاہئے۔ ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے کہا کہ پابندیاں سب سے آخری آپشن کے طور پر استعمال ہونی چاہئیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پابندیاں ایک معین وقت کے لئے عائد ہونی چاہئیں اور جب مقاصد پورے ہو جائیں تو فوری طور پر انہیں اٹھا لینا چاہئے۔ اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ ایران اس تجویز کی حمایت کرتا ہے کہ پابندیوں سے متعلق سلامتی کونسل کی کمیٹیوں کو اس بات کا بھی پابند بنایا جائے کہ وہ اپنی رپورٹوں میں پابندیوں کے, عوام پر پڑنے والے منفی اثرات کا بھی ذکر کریں۔