ایران شام میں بدامنی کے خاتمے کا خواہاں
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نےکہا ہےکہ تہران شام میں بدامنی کے خاتمے اور دہشت گرد اور انتہا پسند گروہوں کے خلاف ممالک کے اتحاد کا خواہاں ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظریف نے جمعے کے دن مونخ سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر کہا کہ ایران کے مواقف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی شام سے متعلق منصوبہ بندی کی بنیاد قرار پا گئے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ مذاکرات کا مقصد شام کے بحران کا سیاسی حل ہونا چاہئے، یہ مذاکرات شام والوں کے درمیان ہونے چاہئیں اور دوسروں کو شرائط پیش کرنے اور مذاکرات کا دائرہ کار طے کرنے کے بجائے ایک وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل میں مدد دینی چاہئے۔
محمد جواد ظریف نے دہشت گرد گروہوں اور مذاکرات کی صلاحیت رکھنے والے مخالفین کی فہرست کی تیاری سمیت بحران شام کے حل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی جانب اشارہ کیا اور شام کے بحران کے حل میں مدد دینے کے لئے اس ملک میں جلد از جلد جنگ بندی کی کوشش پر مبنی بین الاقوامی کانفرنس کے فیصلے پر تاکید کی۔