ایران اور گھانا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کا فروغ
گھانا کے صدر نے ایران کے ساتھ تجارت، صنعت، معدنیات اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں ہمہ گیر تعاون کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
پیر کو تہران میں ایران اور گھانا کی مشترکہ اقتصادی اور تجارتی نشست میں دونوں ملکوں کے درمیان ہمہ گیر تعاون میں فروغ کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔
اس نشست میں گھانا کے وفد کی قیادت صدر جون درامانی مہاما نے اور ایرانی وفد کی قیادت صنعت، معدنیات اور تجارت کے وزیر محمد رضا نعمت زادہ نے کی۔
گھانا کے صدر نے اس نشست میں ایران کے ساتھ ہمہ گیر اقتصادی تعاون کے فروغ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اندر مختلف وسائل کی آسان درآمد اور عالمی منڈیوں تک دسترسی گھانا کی پالیسی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران گھانا کے لئے بہترین حلیف ہو سکتا ہے۔ ماہاما نے کہا کہ گھانا نقل وحمل کی صنعت کے لئے ایندھن کی ضرورت کے پیش نظر ریفائنریوں کی تعمیر میں ایران کے ساتھ تعاون کر سکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ گھانا کے دارالحکومت اکرا میں تعمیرات میں توسیع، ریلوے کی تعمیر نو، ریل کے ڈبے بنانے کی صنعت اور پلوں نیز عمارتوں کی تعمیر میں ایران گھانا کے ساتھ تعاون بڑھا سکتا ہے۔
اس نشست میں ایران کے وزیر صنعت نے بھی کہا کہ ایران اور گھانا مختلف اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں اپنے روابط بڑھا سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایران گھانا کے ساتھ الیکٹرانک، نینو ٹیکنالوجی، دواسازی، طبی آلات، زراعت، معدنیات، انواع و اقسام کی کیمیکل مصنوعات، سیمنٹ اور ٹیکسٹائل کی صنعت میں تعاون کر سکتا ہے۔