خطے میں ایران کا کردار اہم اور مثبت ہے: ناروے کے وزیر خارجہ بورگے بریندے
ناروے کے وزیرخارجہ نے خطے میں ایران کے کردار کو اہم اور مثبت قرار دیا ہے۔
ناروے کے وزیر خارجہ بورگے بریندے نے ایران کے نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی کے ساتھ ملاقات میں اوسلو تہران تعلقات کے فروغ کا خیر مقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ناروے کی کمپنیاں ایران کے ساتھ مختلف میدانوں میں تعاون میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
انہوں نے خطے کی صورتحال کے حوالے سے ایران کے کردار کو مثبت اور تعمیری قرار دیا۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی نے ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے جامع ایٹمی معاہدے کو ناروے سمیت تمام یورپی ملکوں کے ساتھ تعاون کی بنیاد قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ماہی گیری، تیل و گیس، قابل تجدید توانائی، ماحولیات اور بینکاری ایسے شعبے ہیں جن میں ایران اور ناروے کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ناروے کے وزیر خارجہ اور ایران کے نائب وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات میں مشرق وسطی کی صورتحال کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔