Feb ۲۹, ۲۰۱۶ ۱۷:۵۵ Asia/Tehran
  • ایران اور جنوبی کوریا کے تعاون کے فروغ پر ایران کے نائب صدر کی تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کے سینیئر نائب صدر اسحاق جہانگیری نے ایران اور جنوبی کوریا کے درمیان مختلف شعبوں میں زیادہ سے زیادہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے پیر کو تہران میں جنوبی کوریا کے وزیر صنعت و تجارت و انرجی، جو ہیونگ وان سے ملاقات میں کہا کہ ایران اور جنوبی کوریا کے تعلقات ہمیشہ خوشگوار اور دوستانہ رہے ہیں تاہم ایران پرعائد ظالمانہ پابندیوں کے دوران تہران اور سیؤل کے اقتصادی تعلقات کی سطح کم ہو گئی تھی۔

انہوں نے ایران اور جنوبی کوریا کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کے انعقاد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے، جو عنقریب ہونے والاہے، امید ظاہر کی کہ یہ کمیشن دو طرفہ تعلقات کی توسیع کی راہ میں مثبت اور تعمیری نتائج حاصل کر سکے گا۔

ایران کے نائب صدر نے مشرقی ملکوں کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے تعلق سے اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی خارجہ پالیسی میں جنوبی کوریا کا خاص مقام ہے اور دونوں ہی ممالک ایک دوسرے کے لئے قابل اعتماد اقتصادی شریک بن سکتے ہیں۔

جنوبی کوریا کے وزیر صنعت و تجارت و انرجی نے بھی ایران اور جنوبی کوریا کے گہرے اور دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریا ہمیشہ حتی ایران پر مسلط کی گئی جنگ کے دوران بھی تہران کے ساتھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد کے دور میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات میں مزید توسیع کا موقع فراہم ہوا ہے۔

ٹیگس