Mar ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۱:۲۸ Asia/Tehran
  • احمد شہید کے عہدے کی مدت میں توسیع پر ایران کی تنقید

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران کے بارے میں انسانی حقوق کے خصوصی رپورٹر احمد شہید کے عہدے کی مدت میں توسیع پر تنقید کی ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان صادق حسین جابری انصاری نے کہا کہ ایران کے بارے میں انسانی حقوق کے خصوصی رپورٹر احمد شہید کے عہدے کی مدت میں توسیع کی کوئی ضرورت اور قانونی حیثیت نہیں ہے اور یہ صرف ایران کے ساتھ دشمنی کی بنیاد پر اور سیاسی مقاصد کے تحت کی گئی ہے۔

جابری انصاری نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران احمد شہید کے عہدے کی مدت میں توسیع کو ایران کے ساتھ دشمنی کی بنیاد پر کیا گیا فیصلہ قرار دیتا ہے اس لیے خود کو اس قرارداد کو قبول کرنے اور اس کا خیال رکھنے کا پابند نہیں سمجھتا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایران کے بارے میں انسانی حقوق کے خصوصی رپورٹر کے عہدے کی مدت میں توسیع کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے حالیہ فیصلے کے بانی اور حامی ملکوں کے نام اور اسی طرح سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر جیسے ملکوں کی حمایت کہ جو خود داخلی اور خارجی میدانوں میں مشکلات کا شکار ہیں، اس قرارداد کے سیاسی ہونے اور مغرب کی جانب سے اس بین الاقوامی ادارے کو ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرنے کی واضح و روشن دلیل ہے۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے پندرہ کے مقابلے میں بیس ووٹوں سے ایران میں انسانی حقوق کی صورت حال کا جائزہ لینے والے خصوصی رپورٹر کے عہدے کی مدت میں توسیع کر دی جبکہ گیارہ ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

ٹیگس