دہشت گردی کے خلاف جنگ کی حمایت جاری رکھیں گے: حسین امیر عبداللہیان
اسلامی جمہوریہ ایران نے ایک بار پھر علاقے کے ملکوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے اپنی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے العالم ٹیلی ویژن چینل سے اپنی گفتگو میں دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے شام کے شہر پالمیرا کی آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ شام، عراق اور علاقے کے دیگر ملکوں میں جہاں دہشت گردی کا خطرہ ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے ایران اپنی حمایت جاری رکھے گا- انہوں نے کہا کہ شام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھے گا اور اس ملک میں دہشت گردوں کی کوئی جگہ نہیں ہو گی-
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھیکنے کے لئے علاقائی اور عالمی سطح پر اجتماعی اور موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے پھیلنے سے دنیا کے ہر ملک کو نقصان ہو گا- انہوں نے یمن کی صورتحال کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے اور دنیا کے ملکوں کو اس بات کی اجازت نہیں دینی چاہئے کہ یمن علاقے میں دہشت گردی کے پھلنے پھولنے کا ایک اور مرکز بن جائے۔