ایران ایٹمی معاہدے پر کاربند ہے، یوکیا امانو
آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو نے کہا ہے کہ ایران نے مشترکہ ایکشن پلان کے دائرے میں اپنے تمام وعدوں پرعمل کیا ہے۔
ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو نے ایک بیان میں کہا کہ انھوں نے واشنگٹن میں مشترکہ ایکشن پلان پر عمل کا جائزہ لینے کے لئے یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی اور گروپ پانچ جمع ایک کے سربراہوں اور نمائندوں سے گفتگو کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ گروپ پانچ جمع ایک کے سربراہوں اور نمائندوں کے ساتھ نشست میں انھوں نے ایران کی جانب سے وعدوں پر عمل کئے جانے کے بارے میں انھیں ایک رپورٹ پیش کی ہے۔
انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ آئی اے ای اے، ایران کی جانب سے عمل میں لائے جانے والے اقدامات پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اس نے مشترکہ ایکشن پلان پر عمل کے دائرے میں اپنے تمام وعدوں اور معاہدوں پر عمل کیا ہے جن میں ایڈیشنل پروٹوکول بھی شامل ہے۔