ایران اور یورپی یونین کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون پر تاکید
ایران اور یورپی یونین نے تمام شعبوں میں باہمی روابط اور اہم بین الاقوامی مسائل میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی انچارج فیڈریکا موگرینی نے تہران میں اپنی مشترکہ پریس کانفرنس میں ایران اور یورپی یونین کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات میں فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اسی کے ساتھ اہم بین الاقومی مسائل میں تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اعلان کیا ہے۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اس پریس کانفرنس میں فیڈریکا موگرینی کے دورہ تہران کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ دورہ ایران اور اٹھائیس یورپی ملکوں کے بلاک کے درمیان تعلقات اور تعاون کے نئے باب کا سرآغاز ہو سکتا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ اقتصاد اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں ایران اور یورپی یونین کے تعاون میں فروغ اور تہران میں یورپی یونین کے مستقل دفتر کا قیام فیڈریکا موگرینی اور ان کے مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بتایا کہ یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ کے دورہ ایران کے ایجنڈے میں شام کے بحران اور یورپی یونین کی جانب، تارکین وطن کے سیلاب سمیت اہم علاقائی مسائل پر ایرانی رہنماؤں کے ساتھ تبادلہ خیال بھی شامل ہے۔
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے بھی اس پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کا یہ دورہ کیثرالمقاصد ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اس دورے میں ایرانی رہنماؤں کے ساتھ ان کے مذاکرات کا ایجنڈا بہت وسیع ہے جس میں باہمی روابط کا فروغ اور علاقائی مسائل میں تعاون بھی شامل ہے۔
فیڈریکا موگرینی نے ایک بار پھر ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان گزشتہ جولائی میں ہونے والے جامع ایٹمی معاہدے کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے اور مشترکہ جامع ایکشن پلان نے ڈپلومیسی اور سفارتکاری کی کارکردگی کو ثابت کر دیا ہے ۔
انھوں نے کہا کہ ایران نے اپنی طرف سے جامع مشترکہ ایکشن پلان پر عمل کرکے اپنی نیک نیتی ثابت کردی ہے اور یورپی یونین نے بھی پابندیاں اٹھاکے اپنی صداقت کا ثبوت دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اٹھائیس یورپی ملکوں کا بلاک یورپی یونین، تجارت کی عالمی تنظیم ڈبلو ٹی او میں ایران کی شمولیت کی حمایت کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہی فیڈریکا موگرینی ایک اعلی سطحی وفد کے ساتھ جمعے کو ایک روزہ دورے پر تہران پہنچی ہیں۔