یورپی یونین، ایران میں نمائندہ دفتر قائم کرے گی : مشترکہ اعلامیہ جاری
یورپی یونین کے شعبہ امور خارجہ کی انچارج فیڈریکا موگرینی اور وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کے امورخارجہ کی انچارج فیڈریکا موگرینی اور وزیر خارجہ محمد جواد ظریف تعلقات کے فروغ میں نئے باب کے آغاز کی حثیت سے، جامع ایٹمی معاہدے جے سی پی او اے ، پر عملدرآمد کا خیر مقدم اور اس کی مکمل پابندی کیے جانے پر تاکید کرتے ہیں۔
بیان میں ،اقتصادی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود ،علاقائی امن و استحکام میں اضافے اور اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کئے جانے کے سلسلے میں باہمی تعاون کے فروغ کو ایران اور یورپی یونین کے مشترکہ اہداف کے طور پر ذکر کیا گیا ہے۔
فریقین نے باہمی تعاون میں آسانیاں پیدا کرنے اور ایران کے قوانین اور ضابطوں کے مطابق یورپی یونین کا نمائندہ دفتر کھولنے پر بھی اتفاق کیا ہے اور طے پایا ہے کہ اس بارے میں معاملات نمٹانے کے لیے یورپی یونین کی رابطہ کار ٹیم جلد ایران کا دورہ کرے گی۔
ایران کے وزیر خارجہ اور یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج نے اپنے مشترکہ بیان میں اعلی سطحی رابطوں اور وزیر کی سطح کے سالانہ مذاکرات کا سلسلہ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
ایران اور یورپ نے باہمی اقتصادی ، مالیاتی اور بینکاری کے شعبوں میں تعاون کے ساتھ ساتھ، منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالیاتی امداد کی روک تھام کے سلسلے میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون پر زور دیا ہے۔
ایران اور یورپ نے انسانی حقوق کے بارے میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ صلاح و مشورے اور تعاون کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
مشترکہ بیان میں، خطے کے بحرانوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایران کے کردار اور تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا ہے۔
ایران اور یورپی یونین کے بیان میں افغان مہاجرین کو صحت اور تعلیم جیسے شعبوں میں بہترین خدمات کی فراہمی پر ایران کی قدر دانی اور یورپی یونین کی جانب سے تعاون کی یقین دھانی بھی کرائی گئی ہے۔