ایران کے میزائلی تجربات ایٹمی معاہدےکی خلاف ورزی نہیں ہیں :یورپی یونین
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریگاموگرینی نے کہا ہے کہ ایران کے میزائلی تجربات ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہیں
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریگا موگرینی نے تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ایٹمی معاہدہ یا جامع مشترکہ ایکشن پلان علاقے میں سیکورٹی کے تعاون کے سلسلے میں مختلف راستے کھولے گا اور اس کے ذریعے علاقائی سیکورٹی کے میدان میں مختلف قدم اٹھائے جائیں گے - انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران کے میزائلی تجربات ایٹمی معاہدے یا جامع مشترکہ ایکشن پلان کے منافی نہیں ہیں - فیڈریکا موگرینی کا کہنا تھا کہ ایران اور یورپی یونین نے اپنے وعدوں پر عمل کیا ہے اور ایٹمی معاہدہ خطے کی سبھی قوموں کے بہتر مفاد میں تبدیل ہو چکا ہے- فیڈریکا موگرینی نے اس مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ یورپی بینک ایران کے ساتھ تعلقات برقرار کرنا چاہتے ہیں تاکہ نئی اقتصادی شراکت داری کا عمل تیز ہو سکے- ان کا کہنا تھا کہ ایران اور یورپی یونین کے درمیان تعاون دوطرفہ ترقی و پیشرفت میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے -