ایران میں فرزندرسول حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کا جشن ولادت
دس رجب فرزندرسول حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران سراپا جشن و نور ہے
حضرت امام محمدتقی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں جشن کا اہتمام کیا گیا ہے اور اس مناسبت سے مساجد اور امامبارگاہوں میں محفل میلاد کا سلسلہ جاری ہے - مشہدمقدس میں حضرت امام رضاعلیہ السلام کا حرم مطہر اس پرمسرت موقع پر زائرین سے چھلک رہا ہے اور دسیوں ہزار کی تعداد میں عاشقان اہلبیت عصمت و طہارت وہاں موجود ہیں جوحضرت امام رضاعلیہ السلام کو ان کے فررزند ارجمند کے یوم ولادت پر انہیں مبارکباد پیش کر رہے ہیں -
قم میں بھی جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم میں بہت بڑی تعداد میں زائرین اس مناسبت سے جشن منا رہے ہیں اور بی بی فاطمہ معصومہ قم سلام اللہ علیھا کے حضور ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کر رہے ہیں -
ادھر عراق کے مقدس شہر کاظمین سے خبر ہے کہ عراق اور دنیا کےگوشہ و کنار سے بڑی تعداد میں عاشقان رسول و آل رسول حضرت امام موسی کاظم اور حضرت امام محمد تقی علی علیہ السلام کے حرم میں اپنے اپنے مخصوص انداز میں جشن منا رہے ہیں -
پاکستان اور ہندوستان سے بھی اطلاعات ہیں کہ مختلف علاقوں میں محفل میلاد اور جشن کا سلسلہ جاری ہے -
فرزندرسول حضرت امام محمدتقی علیہ السلام دس رجب ایک سوپچانوے ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے اور اپنے پدربزرگوارحضرت امام رضاعلیہ السلام کی شہادت کے بعد امامت کی ذمہ داری سنبھالی -آپ کے معروف القاب تقی اور جواد ہیں -