Apr ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۵:۳۱ Asia/Tehran
  • ترجمان وزارت خارجہ کی ہفتے وار پریس کانفرنس

وزارت خارجہ کے ترجمان جابری انصاری نے اعلان کیا ہے کہ اس سال ایران سے عازمین حج کی روانگی کا انحصار سعودی حکومت کے طرز عمل پر ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان حسین جابری انصاری نے پیر کو اپنی ہفتے وار پریس بریفنگ میں ایران سے عازمین حج کی روانگی سے متعلق امور میں سعودی حکومت کی جانب سے مسلسل رکاوٹیں ڈالے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سال ایرانی عوام فریضہ حج ادا کر سکیں گے یا نہیں، اس کا انحصار سعودی حکومت کے طرز عمل پر ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر سعودی حکومت نے میزبان ملک کی حیثیت سے اپنے فرائض پر صحیح طریقے سے عمل کیا تو ایران سے عازمین حج کی روانگی کا امکان ہو گا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان حسین جابری انصاری نے ایران اور روس کے درمیان ایس تھری ہنڈریڈ میزائل ڈیفنس سسٹم سے متعلق دفاعی معاہدے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور روس کے درمیان دفاعی سمجھوتوں کے نئے متفقہ نظام الاوقات پرعمل درآمد ہو رہا ہے۔

انھوں نے اس پریس کانفرنس میں امریکا کے ایوان نمائندگان کے بعض اراکین سے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کی ملاقات کے بارے میں کہا کہ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف موسم کے تغیرات( ماحولیات) سے متعلق پیرس سمجھوتے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کے لئے نیویارک گئے تھے، جہاں امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے علاوہ بعض امریکی اراکین پارلیمنٹ سے بھی ان کی ملاقات ہوئی ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان جابری انصاری نے ایران کی اراک ایٹمی تنصیبات میں تیار ہونے والے بھاری پانی کی، بین الاقوامی منڈی میں فروخت کے بارے میں کہا کہ کم سے کم ستر ٹن بھاری پانی بین الاقوامی منڈی میں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ جامع ایٹمی معاہدے کے تحت مشترکہ ایکشن پلان میں بھی ایران کے اس حق کو سرکاری طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔

ٹیگس