Apr ۲۷, ۲۰۱۶ ۱۸:۲۶ Asia/Tehran
  • ایران اور بیلجیئم کے تعلقات کے فروغ پر تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور بیلجیئم کی سینیٹ کی چیئرمین نے دو طرفہ تعلقات منجملہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی توسیع کے لئے کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا ہے-

مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بیلجیئم کی سینیٹ کی چیئرمین کرسٹین ڈوفرین کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ مذاکرات زیادہ تر اقتصادی تعلقات کی توسیع کے بارے میں ہوئے تاکہ اس راہ میں موجود سبھی رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے-

ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ بیلجیئم کے پارلیمانی وفد کے، اس ملک کی سینیٹ کی چیئرمین کی قیادت میں دورہ تہران سے ایران اور بیلجیئم کے تعلقات میں توسیع کے دائرہ کار میں زیادہ بہتر طریقے سے کام کرنے کا موقع میسر آئے گا- انہوں نے کہا کہ ہمارے مذاکرات مثبت اور تعمیری رہے ہیں- ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ ان مذاکرات میں دونوں ملکوں کے پارلیمانی روابط میں توسیع پر بھی بات چیت ہوئی-

انہوں نے علاقے اور یورپی ملکوں میں دہشت گردی کے بحرانوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ مسئلہ سبھی ملکوں کے لئے ایک بنیادی مسئلہ بن گیا ہے- ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ پچھلے کچھ عرصے سے دہشت گردی کے بحرانوں نے سبھی ملکوں خاص طور پر یورپی ملکوں اور بیلجیئم کے لئے بے پناہ مشکلات کھڑی کی ہیں اور بیلجیئم میں بھیانک دہشت گردانہ حملے ہوئے-

بیلجیئم کی سینیٹ کی چیئرمین کرسٹین ڈوفرین نے بھی دنیا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے بحرانوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سب کو متحد ہو جانا چاہئے اور اس کے لئے ایران اور بیلجیئم کے درمیان اطلاعات و معلومات کا مسلسل تبادلہ بھی ضروری ہے-

ٹیگس