جنوبی کوریا کی صدر ایران کے لیے روانہ
جنوبی کوریا کی صدر پارک گئون ہی ایران کے اہم اور تاریخی دورے پر اپنے ملک سے تہران روانہ ہو گئی ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی صدر کے اس تین روزہ دورے میں دو سو چھتیس ارکان پر مشتمل ایک اعلی رتبہ سیاسی و تجارتی وفد بھی ان کے ساتھ ایران آ رہا ہے جس میں بڑی بڑی کمپنیوں کے سربراہ بھی شامل ہیں۔
جنوبی کوریا کی صدر کا دورہ ایران ایک ایسے وقت میں انجام پا رہا ہے کہ جب جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان اور ایٹمی معاہدے کے بعد ایران مواقع کی سرزمین میں تبدیل ہو گیا ہے اور جنوبی کوریا ایران کے ساتھ مختلف میدانوں خاص طور پر تجارتی اور اقتصادی میدانوں میں وسیع اسٹریٹیجک تعلقات کا خواہاں ہے۔
ایران اور جنوبی کوریا کے درمیان دو ہزار گیارہ میں تجارتی لین دین کی شرح سترہ ارب چالیس کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی تھی جو اس وقت کم ہو کر چھے ارب دس کروڑ ڈالر رہ گئی ہے، دونوں ملک اسے دوبارہ پرانی سطح پر واپس لانا چاہتے ہیں۔
جنوبی کوریا کی صدر اپنے دورہ ایران کے دوران رہبر انقلاب اسلامی اور صدر مملکت سمیت ایران کے اعلی حکام سے ملاقات کریں گی اور اس دوران دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے کئی سمجھوتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔