ایران اور جنوبی کوریا کا پہلا پیٹرولیئم معاہدہ
اتوار کو ایران کی گیس برآمد کرنے والی قومی کمپنی اور جنوبی کوریا کی گیس کمپنی کوگاس (KOGAS) کے درمیان پٹرولیم کے پہلے معاہدے پر دستخط کئے گئے-
اسلامی جمہوریہ ایران اور جنوبی کوریا کے درمیان پٹرولیئم کے شعبے میں تعاون کے معاہدے پر ایران کی گیس برآمد کرنے کی قومی کمپنی کے ایم ڈی علی رضا کاملی اور جنوبی کوریا کی گیس کمپنی کوگاس کے چیئیرمین سیونگ ہولی نے دستخط کئے ۔
اس معاہدے کے مطابق ایران، جنوبی کوریا کے لئے ایل این جی کی شکل میں گیس برآمد کرے گا اور ایران اور جنوبی کوریا، گیس کی تجارت سے متعلق تجربات کے تبادلے اور گیس کی منڈی کے امور میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔
جنوبی کوریا کی گیس کمپنی کوگاس انیس سو تراسی میں قائم ہوئی ہے اور دنیا میں ایل این جی درآمد کرنے والی اہم کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے ۔
جنوبی کوریا کے، زمین، بنیادی ڈھانچے اور نقل و حمل کے وزیر کانگ ہو ان " KANG Ho-in " نے بھی اتوار کو اسلامی جمہوریہ ایران کے پیٹرولیئم کے وزیر بیژن نامدار زنگنہ سے ملاقات میں اعلان کیا ہے کہ جنوبی کوریا کی صدر کے دورہ تہران میں، دونوں ملکوں کے درمیان بیس ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط ہوں گے ۔
جنوبی کوریا کی صدر پارک گئون ہای، صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی دعوت پراتوار کی شام کو تہران پہنچ رہی ہیں ۔
جنوبی کوریا کی صدر کے ساتھ اس تین روزہ دورے میں دو سو چھتیس ارکان پر مشتمل ایک اعلی رتبہ سیاسی و تجارتی وفد بھی ایران آ رہا ہے جس میں بڑی بڑی کمپنیوں کے سربراہ بھی شامل ہیں۔