جنوبی کوریا کی صدر سرکاری دورے پر تہران پہنچ گئیں
جنوبی کوریا کی صدر پارک گیون ھائے ایک اعلی سطحی سیاسی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئی ہیں۔
تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ پر ایران کے وزیر تجارت محمد رضا نعمت زادے نے صدر پارک گیون ھائے کو خوش آمدید کہا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی پیر کے روز سعد آباد کمپلکس میں جنوبی کوریا کی صدر کا باضابطہ استقبال کریں گے۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے جائیں گے اور ایران کی مسلح افواج کا چاق و چوبند دستہ، صدر پارک گیون ہائے کو گارڈ آف آنر پیش کرےگا-
سفارتی ذرائع کے مطابق ایران اور جنوبی کوریا کے درمیان تعاون کی تیس یادداشتوں اور سمجھوتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ ایران اور جنوبی کوریا تیل و گیس، انفرااسٹریکچر،جہاز رانی، اور حفظان صحت سمیت متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ جنوبی کوریا کا دو سو چھتیس رکنی اعلی سطحی تجارتی وفد بھی صدر پارک گیون ھائے کے ساتھ ایران آیا ہے۔