ترجمان وزارت خارجہ کی پریس کانفرنس
وزارت خارجہ کے ترجمان حسین جابری انصاری نے امریکا میں ایران کے تقریبا دو ارب ڈالر ضبط کئے جانے کے معاملے میں سیاسی اور قانونی اقدامات انجام دیئے جانے کی خبردی ہے ۔
انھوں نے اپنی ہفتے وار پریس کانفرنس میں عراق کی سبھی سیاسی جماعتوں سے قانون کے احترام اور مسائل کو گفتگو کے ذریعے حل کرنے کی اپیل کی۔ حسین جابری انصاری نے پیر کو اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکی سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اس کو بین الاقوامی ڈکیتی قرار دیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس بین الاقوامی ڈکیتی کے لئے وائٹ ہاؤس کو جواب دہ سمجھتا ہے اور اس سلسلے میں اس نے بعض اقدامات مد نظر رکھے ہیں ۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنی پریس کانفرنس میں عراق کےحالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران عراق کی تمام سیاسی جما عتوں سے مسائل کو گفتگو اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے اور سیاسی افہام وتفہیم کے لئے حالات کو سازگار بنانے کی اپیل کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عراقی عوام نے گزشتہ دو عشرے میں سیاسی میدان میں جو پیشرفت کی ہے ، اس کا تحفظ ضروری ہے ۔ وزارات خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ قانون کا احترام، ثبات و استحکام ، پیشرفت کے دوام اور قومی وفاق کے استحکام کا ضامن ہے ۔
وزارت خارجہ کے ترجمان حسین جابری انصاری نے شام کے علاقے حلب میں جاری لڑائی اور شام میں ایران کے اقدامات -کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شام میں مسلح گروہوں نے دہشت گردی کا راستہ اختیار کیا ہے اور وہ مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔
حسین جابری انصاری نے خطے میں سعودی حکومت کی سرگرمیوں اور نام نہاد عرب سیکورٹی فورس بنانے کے اعلان سے متعلق ایک نامہ نگار کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت جو اعلان کرتی ہے اورجو عمل میں نظر آتا ہے اس میں بہت گہرا فرق پایا جاتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ سعودی حکومت کے اعلانات عملی پہلووں سے عاری ہیں اور سنجیدگی سے ان پر غور نہیں کیا جاتا ۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے جنوبی کوریا کی صدر کے تین روزہ دورہ ایران کے بارے میں بتایا کہ جنوبی کوریا کی صدر بہت بڑے سیاسی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ تہران آئی ہیں جس میں چار وزیر اور دوسو تیس سے زائد بڑے تاجر ، سرمایہ کار، اور بڑی کمپنیوں کے مالکین شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی کوریا کے دورہ ایران میں مجموعی طور پر چوالیس سمجھوتوں پر دستخط ہوں گے ۔