شام میں دہشت گردوں کے جرائم پر ایران کے نائب وزیر خارجہ کا ردعمل
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے شمالی شام میں خان طومان پر دہشت گرد گروہوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی حکام کے ساتھ ملاقات میں شام میں فائر بندی کی خلاف ورزی کے عوامل پر خاص طور سے گفتگو ہوئی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے ہفتے کی رات ایک بیان میں شمالی شام میں خان طومان پر دہشت گردوں اور مسلح گروہوں کے مشترکہ حملے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ دہشت گرد، فائر بندی کے عمل سے غلط فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ان گروہوں کو بعض بیرونی ملکوں کی حمایت حاصل ہے جو فوجی حملے جاری رکھنا چاہتے ہیں اور سیاسی راہ حل پر یقین نہیں رکھتے۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے کہا کہ ایران نے بارہا اعلان کیا ہے کہ بحران شام کو صرف سیاسی طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے اور عالمی برادری کو چاہئے کہ مسلح اور دہشت گرد گروہوں کے حملے کی مذمت اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کرے تاکہ بحران شام کے سیاسی حل کے عمل کو آگے بڑھانے کا موقع فراہم ہو سکے۔