Sep ۲۵, ۲۰۲۵ ۱۸:۵۱ Asia/Tehran
  • صدر ایران: ایرانی تہذیب  دنیا کی قدیمی ترین تہذیب

صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب میں ایرانی تہذیب کو دنیا کی قدیمی ترین تہذیب قرار دیا اور کہا ہے کہ ایران نے ہمیشہ تاریخ کی تند آندھیوں کا استقامت کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے خطاب میں کہا کہ دو برس سے دنیا غزہ میں نسل کشی کی شاہد ہےاس نے لبنان کی ارضی سالمیت، قومی اقتداراعلی کی خلاف ورزی اور لوگوں گے گھروں کی مسماری کا مشاہدہ کیا ہے، شام میں بنیادی ڈھانچے کی تباہی دیکھی ہےاور یمن کے عوام پر حملہ کا نظارہ کیا ہے۔
صدرایران نے کہا کہ آپ سب نے دیکھا کہ گزشتہ جون کے مہینے میں، ہمارے ملک پر وحشیانہ جارحیت کی گئی جو سبھی مسلمہ بین الاقوامی قوانین کے منافی تھی۔ ایران کے شہروں، لوگوں کے گھروں اور بنیادی شہری ڈھانچوں پر امریکا اور صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے انجام پائے اور وہ بھی ایسے وقت میں جب ہم مذاکرات کررہے تھے اور سفارتی راہ پر آگے بڑھ رہے تھے۔ 
انھوں نے کہا کہ اگر ہم اس خطرناک قانون شکنی کے مقابلے پر نہ اٹھے تو یہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔ 
صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ تاریخ کی تند آندھیوں کا استقامت کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔ بلند ہمتی اور جاودانی عزم رکھنے والی اس قوم نے بارہا ثابت کیا ہے کہ جارحین کے سامنے سر نہیں جھکاتی اور آج بھی اپنے ایمان اور قومی یک جہتی کے ساتھ جارحین کے مقابلے میں سربلند اور ثابت قدم ہے ۔ 
انھوں نے کہا کہ بارہ روزہ دفاع میں ایران کے دلیر اور وطن پرست عوام نے جارحین کے اندازوں اور خام خیالیوں کو غلط ثابت کردیا اور اپنے وطن کی سرزمین پر جارحیت شروع ہوتے ہی، متحد ہوکر مسلح افواج کی حمایت کا اعلان کیا اورآج بھی شہیدوں کے خون کے پاسدار ہیں۔ 
انھوں نے گریٹر اسرائیل کے منصوبے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے نے صیہونی حکومت کے حقیقی اہداف و مقاصد برملا کردیئے ہیں اور دنیا میں کوئی بھی اس جارح حکومت کی بدنیتی سے محفوظ نہیں ہے۔

ٹیگس