ہندوستان ، ایران سے تیل خریدنے کا خواہاں
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، دہلی اور واشنگٹن کے درمیان تجارتی کشیدگی کے درمیان، ہندوستانی حکومت نے ایران سے خام تیل کی درآمد دوبارہ شروع کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ذرائع کے مطابق ہندوستانی حکام نے ایک بار پھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو آگاہ کیا ہے کہ اس کی ریفائنریوں کی جانب سے روسی تیل کی درآمد میں نمایاں کمی کی وجہ سے واشنگٹن کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ نئی دہلی کو ایران اور وینزویلا سے خام تیل خریدنے کی اجازت دے۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک باخبر ذریعہ نے بلومبرگ کو بتایا کہ اس ہفتے امریکہ کا دورہ کرنے والے ہندوستانی وفد نے امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں اس درخواست کو دہرایا۔
باخبر ذرائع کے مطابق، ہندوستانی وفد نے زور دیا ہے کہ دنیا میں تیل پیدا کرنے والے بڑے ممالک روس، ایران اور وینزویلا سے ہندوستانی ریفائنریوں کو تیل کی فراہمی ایک ساتھ بند ہونے سے تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
یہ خبر ایسے وقت سامنے آئی ہے جب روسی تیل کی خریداری پر گزشتہ چند مہینوں میں امریکہ اور ہندوستان کے درمیان تجارتی کشیدگی بڑھ گئی ہے اور واشنگٹن کا الزام ہے کہ دہلی حکومت ، روس سے تیل خرید کرکے یوکرین جنگ اس کا ساتھ دے رہی ہے۔