شام میں تکفیری گروہوں کے خلاف انتقامی کارروائی پر تاکید
ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سیکریٹری نے شامی عوام اور حرم مطہر کے مدافعین کے خلاف جارحیت کا مظاہرہ کرنے والے تکفیری گروہوں سے انتقام لئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے پیر کے روز ایک بیان میں شام کے علاقے خان طومان میں تکفیری دہشت گردوں کے جرائم کی مذمت کی اور تاکید کے ساتھ کہا کہ ان دہشت گرد گروہوں سے جلد ہی انتقام لیا جائے گا۔
انھوں نے سعودی عرب اور علاقے کے بعض ممالک کو تکفیری دہشت گرد گروہوں کا حامی قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ بلاشبہ ان صیہونی آلہ کاروں کو تحریک مزاحمت، شامی عوام اور ان کے حامیوں یعنی اسلامی جمہوریہ ایران، روس اور حزب اللہ کے مقابلے میں مکمل شکست ہو گی۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل حلب کے جنوب میں واقع علاقے خان طومان کو آزاد کرا لیا گیا تھا مگر دہشت گرد گروہوں نے اتوار کے روز امریکہ اور روس کی مفاہمت سے عمل میں آنے والی فائر بندی سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے اس علاقے میں شامی فوجیوں اور ان کے ایرانی مشیروں پر حملہ کر دیا اور خان طومان کے بعض علاقوں پر قبضہ کر لیا۔