شام میں مکمل فائر بندی کی ضرورت پر ایران کی تاکید
ایران کے وزیر خارجہ نے ویانا میں ایک بیان میں کہا ہے کہ شام سے متعلق ویانا کانفرنس اس ملک میں فائر بندی کے مکمل نفاذ کی ضرورت پر تاکید کا ایک موقع ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے دہشت گرد گروہوں کی جانب سے شام، مشرق وسطی اور پوری عالمی برادری کو لاحق خطرے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ ان گروہوں کا مقابلہ کئے جانے کی ضرورت ہے اور اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دی جانی چاہئے کہ شام میں فائر بندی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ گروہ اپنے دہشت گردانہ اقدامات تیز کر دیں۔
انھوں نے کہا کہ ویانا کانفرنس، شام کے بحران کے حل کے لئے ایک بہترین موقع ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کا شروع سے ہی یہ موقف رہا ہے کہ بحران شام کو صرف سیاسی طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ بعض دہشت گرد گروہوں اور ان کے علاقائی و عالمی حامی ملکوں کے خیال کے برخلاف شام کے مسئلے کو فوجی طریقے سے ہرگز حل نہیں کیا جاسکتا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ شام سے متعلق ویانا کانفرنس، دو طرفہ مسائل اور بحران شام کے سلسلے میں تبادلہ خیال کا مناسب موقع ہے۔