Jun ۰۱, ۲۰۱۶ ۰۷:۳۴ Asia/Tehran
  • شیخ علی سلمان کی سزائے قید میں اضافے پر ایران کا ردعمل

اسلامی جمہوریہ ایران نے بحرین کی جمعیت اسلامی الوفاق ملی کے سربراہ کی سزائے قید کی مدت میں اضافے کے اقدام کی مذمت کی ہے-

ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان صادق حسین جابری انصاری نے بحرین کے ممتاز انقلابی رہنما شیخ علی سلمان کے خلاف نئے عدالتی فیصلے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعتدال پسند سیاسی رہنماؤں کے خلاف اس طرح کے اقدامات، بحرین کی مشکلات کا حل نہیں ہیں- ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بحرین کے انقلابی اور سیاسی رہنماؤں کے خلاف سخت کارروائیاں کرنے اور اس ملک کے مسائل کو مزید پیچیدہ کرنے سے انتہا پسندوں کو فائدہ پہنچے گا۔-

واضح رہے کہ بحرین کی عدالت نے جون دو ہزار پندرہ میں ، جمعیت اسلامی وفاق ملی کے سربراہ شیخ علی سلمان پر، طاقت کے زور پر حکومت کو تبدیل کرنے کے لئے اس ملک کے عوام کو مشتعل کرنے کا الزام عائد کر کے، چار سال قید کی سزا سنائی تھی- اس کے بعد اس مقدمے کی سماعت کے لئے بارہ اپریل کو اپیل کورٹ تشکیل دی گئ جس نے اپنا فیصلہ تیس مئی کو سنانے کا اعلان کیا اور پیر تیس مئ کو نمائشی عدالت نے اپنے فیصلے میں چار سال قید کی سزا کو بڑھا کر نو سال قید کی سزا میں تبدیل کردیا

بحرین کی الوفاق پارٹی نے نمائشی عدالت کے اس فیصلے کو غیر قابل قبول اور اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔ بحرین کی الوفاق پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ شاہی حکومت اپنے اس قسم کے اقدامات سے ملک کے سیاسی بحران کے حل کے تمام مواقع ختم کرتی جا رہی ہے۔

ٹیگس