Jun ۰۳, ۲۰۱۶ ۱۵:۲۷ Asia/Tehran
  • امام خمینی (رح) ایک تاریخ ساز شخصیت تھے: خطیب نماز جمعہ تہران

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ حضرت امام خمینی (رح) نے دنیا میں اسلام کے حقیقی چہرے کو متعارف اور دین و سیاست کی جدائی کے نظریئے کو غلط ثابت کر دیا۔

تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام کاظم صدیقی نے امام خمینی (رح) کی ستائیسویں برسی کی تعزیت پیش کی اوریہ بات زور دے کر کہی کہ امام خمینی (رح) نے اسلام کے چہرے پر امریکہ کی ڈالی ہوئی رجعت پسندی کی گرد کو صاف کیا اور اسے دین و سیاست کی جدائی کی خطرناک تہمت سے بچا لیا۔

تہران کے خطیب جمعہ نےحضرت امام خمینی (رح) کو ا یک تاریخ ساز شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تدبر، بصیرت اور عقلانیت ان کی اہم ترین خصوصیات تھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امام خمینی (رح) کی شخصیت تھی جس نے آج کی دنیا کو اسلام کی طاقت اور اس کے حیات آفرین اور ظلم مخالف پیغام سے روشناس کرایا۔

حجت الاسلام کاظم صدیقی نے مجتہدین کی کونسل یا مجلس خبرگان رہبری کے افتتاحی اجلاس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام نے پارلیمنٹ اور مجلس خبرگان رہبری کے انتخابات میں بھرپور شرکت کر کے سربلندی کی تاریخ رقم کی اور دشمنوں کو مایوسی کے سمندر میں غرق کر دیا ۔

تہران کے خطیب جمعہ نے پارلیمنٹ کے افتتاحی اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے ارکان پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ اپنے حلف کی پاسداری کریں اور اسلامی انقلاب اور ولایت فقیہ کی حفاظت کا فریضہ نبھائیں۔

انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے نئی پارلیمنٹ کو دو معاملات، معیشت اور مذہبی اقدار کی ترویج پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے اور امید ہے کہ ارکان پارلیمنٹ قانون سازی کے عمل میں ان امور کو مدنظر رکھیں گے۔

ٹیگس