ایوان غالب دہلی میں عالمی یوم قدس کانفرنس کا اہتمام
ہندوستان میں متعین نمائندہ و لی فقیہ ڈاکٹر عبد المجید حکیم الٰہی نے کہا کہ حالات سنگین ہیں دنیا کروٹ بدل رہی ہے، وقت کے فرعون کا سمندر میں ڈوبنے کا وقت قریب آرہا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: آل انڈیا شیعہ کونسل کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی ماہ رمضان کے الوداعی جمعہ کو ایوان غالب دہلی میں عالمی یوم قدس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت شیعہ جامع مسجد کشمیری گیٹ کے امام جمعہ مولانا محسن تقوی نے کی۔
ایران کے سپریم لیڈر کے نمائندہ آیت اللہ حکیم الٰہی اور سفیر ایران برائے ہند ڈاکٹر محمد فتح علی نے کانفرنس میں خصوصی طور پر شرکت کی۔اس موقع پر پدم شری پروفیسر اختر الواسع نے کہا کہ میں ایران کے بہادر عوام کو ان کی قربانیوں کے لئے تعزیت پیش کرتاہوں۔انہوں نے کہا کہ وہ طاقتیں جو یہ سمجھتی تھیں کہ ایران کے سپریم لیڈر کو شہید کرنے کے بعد وہاں فوری تبدیلی ہوجائے گی انہیں ناکامی ہاتھ لگی ہے۔
کانفرنس میں ڈاکٹر تسلیم رحمانی نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای اس عظیم رہنما کا نام ہے جس نے امت ایران اور امت مسلمہ کو تمام جہان میں جدید سمت، طاقت اور حوصلہ د یا کہ ہم ایک ظالم و جابر کے سامنے کھڑے ہوکر کلمہ حق کہہ سکتے ہیں زندہ رہ سکتے ہیں ا نہوں نے کہا کہ فلسطین دنیا کا مرکزی نقطہ ہے، تمام دنیا میں جو مسائل ہیں وہ اسرائیل کے فلسطین میں ریشہ دوانیوں کی وجہ سے ہیں اس بنیادی نقطہ کو اگر کسی نے سمجھا اور دنیا کو بتایا تو وہ ایرانی انقلاب نے بتایا۔
ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت نے ایرانی قوم کے اندر ایک جذبہ حرارت پیدا کردیا ہے، امریکہ اور اسرائیل ناپاک ارادے لے کرا ٓئے تھے کہ سپریم لیڈر کو شہید کردیں گے اور پھر ایران پر ہمارا قبضہ ہوجائے گا لیکن آج وہ اپنا منہ چھپا رہے ہیں۔آج خامنہ ای کی شہادت نے پوری قوم کو جھنجھوڑ دیا ہے اور اندر سے بیدار کردیا ہے، ایران نے اسی طاقت اور قوت کے ساتھ وہ جواب دیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کسی طرح سے اس جنگ سے باہر نکلنا چاہتے ہیں۔
کانفرنس میں جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر انجینیئر محمد سلیم نے کہا کہ ایرانی عوام کے حوصلے اور جذبے کو سلام ہے کہ جنہوں نے میدان میں چم کر امریکہ کا مقابلہ کیا اور دنیا کو بتا دیا کہ بنکروں میں رہنے والے اور ہیں اور میدان میں جم کر فتح حاصل کرنے والے اور ہیں۔
نمایندہ ولی فقیہ ڈاکٹر عبد المجید حکیم الٰہی نے کہا کہ حالات سنگین ہیں دنیا کروٹ بدل رہی ہے، وقت کے فرعون کا سمندر میں ڈوبنے کا وقت قریب آرہا ہے۔
سفیر ایران ڈاکٹر محمد فتح علی نے کہا کہ یوم قدس امام خمینی کی سیاسی یادگار ہے، جو بنیادی عنصر میں تبدیل ہو سکتا ہے۔سابق ممبر پارلیمنٹ کنور دانش علی نے کہا کہ حکومت کا رویہ عوام کے جذبات کی تائید نہیں کرتا۔ہم اپنی حکومت کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ ظالم کے ساتھ جو کھڑا ہوگا وہ رسوا ہوکر رہے گا آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ان کے ساتھیوں کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی۔
سردار دیا سنگھ نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے ظلم و بربریت نے انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔عالم اسلام ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے امن پسند اور انصاف پسند ظالموں کی مذمت کرتے ہیں اور پوری سکھ قوم ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔پنڈت وجے کمار شرما نے کہا کہ مسلمانوں اور اسلام کو ختم کرنے والوں کے خواب کبھی پورے نہیں ہوں گے۔البتہ وہ ختم ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے عوام مظلوم کے ساتھ ہیں یہ گاندھی کے دیش کے لوگ ہیں جنہوں نے ابتداء سے ہی غاصب اسرائیل کی مخالفت کی ہے۔
کانفرنس کے اخر میں مولانا جلال حیدر نقوی نے کانفرنس کا اعلامیہ پڑھا اور عید سادگی کے ساتھ منانے کی اپیل کی اور ایران کے نئے سپریم لیڈر سید مجتبی خامنہ ای کے ساتھ تجدید عہد کا اعلان کیا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel