Mar ۱۴, ۲۰۲۶ ۱۴:۱۹ Asia/Tehran
  • امریکہ عالمی نظام میں “باغی کردار” بن چکا ہے — ترجمان وزارتِ خارجہ

 ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکہ کی پالیسیوں کو جارحانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن بین الاقوامی نظام میں ایک “باغی اور قانون سے بے پروا کردار” بن چکا ہے جو عالمی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

سحرنیوز/ایران:  چینی خبر رساں ادارے شنہوا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف حالیہ فوجی کارروائی بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے اور ایران اپنی دفاعی صلاحیت کے ساتھ جب تک ضروری ہوا اپنا دفاع جاری رکھے گا۔
 بقائی نے کہا کہ قدیم اور مضبوط تہذیب رکھنے والا ملک کبھی ہتھیار نہیں ڈالے گا۔ ان کے مطابق ایرانی قوم نے تاریخ میں بارہا ناانصافیوں کا سامنا کیا ہے مگر ہمیشہ مضبوط ہو کر ابھری ہے۔
انہوں نے امریکی حکام کے بیانات کو غیر قابلِ اعتماد قرار دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کے مؤقف اکثر متضاد اور غیر مستقل ہوتے ہیں۔
 ترجمان نے واضح کیا کہ یہ جنگ ایران نے شروع نہیں کی بلکہ یہ امریکہ کا انتخاب تھا۔ ان کے بقول امریکہ اور اسرائیل نے غلط اندازہ لگایا کہ ایران کو آسانی سے ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے۔
 ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں بقائی نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل اچھی طرح جانتے ہیں کہ ایران کی جوہری سرگرمیاں پُرامن ہیں اور اسے فوجی پروگرام قرار دینا گزشتہ تین دہائیوں سے دہرایا جانے والا بڑا جھوٹ ہے۔
 انہوں نے کہا کہ ایران خطے کے ممالک، خصوصاً خلیج فارس کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنا چاہتا ہے اور خطے کا امن و استحکام علاقائی تعاون سے ہی ممکن ہے۔
 بقائی کے مطابق ایران کی خطے کے ممالک سے کوئی دشمنی نہیں، لیکن خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال ہو رہے ہیں اسی وجہ سے انہیں نشانہ بنایا جاتا ہے۔
 انہوں نے مزید کہا کہ خطے کے ممالک اب یہ سمجھ چکے ہیں کہ امریکہ کی فوجی موجودگی امن لانے کے بجائے مزید مسائل پیدا کرتی ہے۔

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

 

ٹیگس