Jun ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۵:۵۷ Asia/Tehran
  • روسی وزیر دفاع کی ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری سے ملاقات

روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئی گو نے تہران میں ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر علی شمخانی سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے اس ملاقات میں یہ بات زور دیکر کہی کہ امریکہ اور اس کے اتحادی صیہونی حکومت کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بحران شام کے حوالے سے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے رویئے سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اسرائیل کے گرد ایک حفاظتی بیلٹ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ رائے عامہ کو دھوکہ دینے اور صدارتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی غرض سے بحران شام کے حل کی سفارتی کوششوں کا ڈھونگ رچا رہا ہے۔

ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے شام کی ارضی سالمیت اور اقتدار کے اعلی کے تحفظ ، نیز آئین کے دائر ے میں رہتے ہوئے، شامی عوام کے تمام طبقات کے حقوق کی فراہمی پر زور دیا۔

انہوں نے تہران میں ایران، روس اور شام کے وزرائے دفاع کے مشترکہ اجلاس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس اس بات کی علامت ہے کہ تینوں ممالک ، تکفیری دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے خلاف جنگ میں پرعزم ہیں۔ ڈاکٹر علی شمخانی نے شام میں امن و استحکام کے قیام میں شام کی قانونی حکومت اور اس ملک کے مظلوم عوام کی حمایت جاری رکھے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ شام کے حقائق کو سمجھے اور تکفیری دہشت گردی کی کھلم کھلا اور خفیہ طور پر حمایت کرنے والے ملکوں کے خلاف تادیبی کارروائی کے ساتھ ساتھ ان کی سرگرمیوں کو محدود کرنے کے لیے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائے۔

روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئی گو نے اس موقع پر، ایران ، روس اور شام کے وزرائے دفاع کے سہ فریقی اجلاس کی میزبانی پر تہران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف بھرپور جنگ کرنا ایک عالمی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ملکوں کو چاہیے کہ وہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

ٹیگس